21 ستمبر ، 2014
روال پنڈی...... روال پنڈی میں جامعہ تعلیم القران کے مہتمم مولانا اشرف علی کے صاحبزادے مفتی امان اللہ نا معلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ میں جاں بحق ہو گئے،مفتی امان اللہ کے قتل کے خلاف اہلسنت والجماعت کا راجا بازار سمیت متعدد علاقوں میں شدید احتجاج، دکانیں بند کرا دی گئیں۔اہلسنت والجماعت اور پاکستان علما کونسل نے مولانا امان اللہ کے قتل کے خلاف ملک بھر میں تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مفتی امان اللہ کو نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے بکرا منڈی کے قریب نشانہ بنایا جس میں مفتی امان اللہ موقع پر جاں بحق اور قاری محمود علی شدید زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اہلسنت والجماعت کے کارکن بڑی تعداد میں اسپتال کے باہر جمع ہو گئے۔ مفتی امان اللہ کے قتل کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا۔بنی روڈ، صرافہ بازار، پرانا قلعہ کے بازاروں میں ڈنڈہ برداروں نے بازار بند کرا دیے۔اہلسنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے ایک بیان میں مفتی امان اللہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قتل گہری سازش ہے۔چیرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ مفتی امان اللہ کا قتل ملک میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری کی سازش ہے۔