22 ستمبر ، 2014
اسلام آباد..........وفاقی کابینہ نے سیلاب سے متاثرہ 6 لاکھ سے زائد خاندانوں کو عید سے پہلے 25 ہزار روپے فی خاندان عیدی دینے کی سفارش کی ہے جبکہ صارفین کو اضافی بجلی بلز کی رقم واپس کرنے اور متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقصانات پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ ابتدائی تخمینے کے مطابق پنجاب میں سیلاب سے 6 لاکھ سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں جن کی امداد کے لیے پاک فوج،ریسکیو اداروں اور پنجاب حکومت نے دن رات بھرپورکوششیں کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے متاثرہ خاندانوں کوعید سے پہلے 25 ہزار روپے فی خاندان عیدی دینے کی سفارش جبکہ متاثرہ علاقوں اور لوگوں کی بحالی کا جامع پیکج تیار کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم نےمتعلقہ اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ذرائع کے مطابق صارفین کو بجلی کے اضافی بلز بھجوانے کے معاملے پر بنائی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ بھی پیش کی جس کے مطابق 35 فی صد صارفین کو بغیر ریڈنگ کے اضافی بلز بھجوائے گئے اور یہ اقدام بڑھتے ہوئے سرکلر ڈیٹ پرقابو پانے کے لیے کیا گیا ۔ رپوٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ یہ اضافی رقم آئندہ بھیجے جانے والے بجلی کے بلز میں ایڈجسٹ کر دی جائے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی بھی کی جائے۔ذرائع کا کہناہےکہ وزیراعظم نے کابینہ کو اپنے دورہ امریکا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا جبکہ سیاسی صورت حال، خاص طور پر دھرنوں سے نمٹنے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیاگیا۔ کابینہ نے اس مسئلے کے حل کے لیے وفاقی وزراء اور اپوزیشن کے مذاکراتی جرگے کی کوششوں کو بھی سراہا۔