22 ستمبر ، 2014
ملتان.....جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ قوم اطمینان رکھے۔ جمہوریت کا پہرا جاوید ہاشمی دے گا۔ شاہ محمود قریشی کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ غریب مریدوں سے سو سو روپے بٹورنے کو رزق حرام سمجھتے ہیں۔ ملتان کی پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں مشرف کے لوگ آ گئے ہیں۔ عمران بھولا آدمی ہے۔ اسے غلط مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں سے اللہ پوچھے گا۔ یہ کہنا تھا جاوید ہاشمی کا ملتان کی پریس کانفرنس میں۔ باغی نے اپنے اس منصب کے بارے میں ایک چھابڑی والے کی گفتگو کو بطور سند پیش کیا۔ اس موقع پر انھوں نے اعلانی طور پر مشتہر کیا کہ انھیں مخدوم نہ لکھا جائے۔ انھوں نے پیری مریدی پر بھی تنقید کی اور یوں مخدوم شاہ محمود قریشی پر بالواسطہ تنقید کرتے رہے۔ پیر کی پریس کانفرنس میں انھوں نے انتہائی دکھ کے ساتھ یہ بھی کہا کہ عمران خان لیڈر بن گیا تھا آگے جا رہا تھا، ان کے خلاف بڑی سازش کی گئی۔ اس موقع پر انھوں نے تحریک انصاف میں خرابیوں کی ایک اور وجہ بھی بتائی۔