19 اپریل ، 2012
کراچی…پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد یاسین نے کہا ہے کہ ٹیلی کام خدمات پر ٹیکسوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے، اور مزید ٹیکس بڑھانے کے بجائے ریٹ کم کرنا چاہئیں۔ کراچی میں ٹیلی کوم کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر محمد یاسین کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام صنعت پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کر کے حکومت کی آمدنی بڑھائی جاسکتی ہے، جیسا کہ ماضی میں کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹیلی کام صنعت کا مرکز بنانے کیلئے تیاری مکمل ہے اور ایران اور افغانستان کی سرحدوں تک ٹیلی کام سروس پہنچ گئی ہے، جبکہ چین تک رسائی کے لئے شاہراہ قراقرم پر فائبر آپٹک بچھائی جارہی ہے، مگر اس حوالے سے حکومتی اجازت کا انتظار ہے۔ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں محمد یاسین کا کہنا تھا کہ غیر رجسٹر ڈسموں کا معاملہ بہت حد تک حل ہوگیا ہے، تھری جی نیلامی کے لئے کنسلٹنٹ کا تقرر کیا جارہا ہے۔