09 اکتوبر ، 2014
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے عید الاضحی کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں کچی شراب پینے کے باعث اب تک 29 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر متعدد قیمتی جانوں کا ضیاع متعلقہ ادارے کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کچی شراب بیچنے والے قیمتی انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں لیکن اس کے باوجودشہر میں کچی شراب کے اڈے اپنی جگہوں پر نہ صرف موجود ہیں بلکہ لوگوں میں موت بھی بانٹ رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کچی شراب کی روک تھام اور اس پر پابندی کیلئے متعلقہ ادارے نے آنکھیں بند رکھی ہیں اور اس کے سدبا ب کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ متعلقہ ادارے کے افسران اور عملے پر اتنی انسانوں جانوں کے ضیاع کا بھی کوئی اثر نہیں پڑا ہے اور وہ انسانی زندگیوں سے کھیل کر اپنے مفادات کی تکمیل کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت و زندگی کا خیال رکھیں اور کچی شراب سمیت مضحر صحت اشیاء سے مکمل پرہیز کریں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ عید الفطر کے موقع پر بھی سمندر میں ڈوب جانے کے باعث متعدد قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا لیکن حکومتی اداروں کے کانوںمیں جوں تک نہیں رینگی ۔رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کچی شراب پینے کے باعث متعدد افراد کی ہلاکتوں جبکہ متعدد افرادقوت سماعت اور بینائی سے محروم ہوجانے کے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، کچی شراب بیچنے والوں کیلئے سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ ادارے کو فعال اور متحرک کرکے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جائے ۔ دریں اثنا ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے شعبہ اطلاعات کے رکن قمر منصور کو ان کی سابق ذمہ داری پر بحال کردیا ہے ۔وہ اب ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے رکن کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گے ۔ قمر منصور کی بحالی کا فیصلہ ایک اجلاس میں کیا جس کی توثیق ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کردی ہے ۔