10 اکتوبر ، 2014
لندن.......ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سندھ کے ہاری، کسان، قلمکاروں اور صحافیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور متحدہ کے ہاتھ مضبوط کریں۔ الطاف حسین نے یہ بات متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور لندن کی رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ سندھ میں غریب ہاریوں، کسانوں، قلمکاروں، صحافیوں کی اپنی جماعت ہے یہ سندھ کے وڈیروں، جاگیرداروں اور ڈاکوؤں کی جماعت نہیں ہے سندھ کے غریب عوام ایم کیو ایم میں شامل ہوکر اس کے ہاتھ مضبوط کریں اور سندھ کے جاگیرداروں، وڈیروں اور ڈاکوؤں سے سندھ کو نجات دلائیں، متحدہ قومی موومنٹ سندھ میں ایسا ماحول اور معاشرہ قائم کرنا چاہتی ہے جہاں لڑکے اور لڑکیاں بغیر کسی خوف و خطر کے تعلیم حاصل کرسکیں اور اپنی اس تعلیم سے سندھ کو استفادہ پہنچاسکیں، سندھ کے مظلوم عوام کے دل بہت دکھے ہوئے ہیں اور ان سے جاری برسہا برس کی حق تلفی اور محرومیوں نے انہیں ترقی کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ان سندھی بھائیوں کی دادرسی کی جائے اور ان کے دل جیتنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے سندھی بھائیوں سے کہا کہ آپ کو وقتی فوائد تو پہنچائے گئے مگر آپ کی محرومیوں اور حق تلفی کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے۔ سندھی نوجوانوں کو اب صرف سرٹیفیکیٹ اور ڈگری والی تعلیم نہیں چاہئے بلکہ انہیں اس تعلیم کی ضرورت ہے جو ان کے ذہنوں اور دلوں میں اتر جائے، ایسی تعلیم دی جائے جو ان کے عمل سے بھی ظاہر ہونے لگے۔ دریں اثنا الطاف حسین کی ہدایت پر ارکان رابطہ کمیٹی نسرین جلیل اور واسع جلیل نے ممتازادیبہ ،ڈرامہ نگاراوردانشورمحترمہ فاطمہ ثریابجیا سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کرکے عیادت کی،اور الطاف حسین کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر فاطمہ ثریابجیا نے الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا اور ڈھیروں دعائیں دیں۔علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے دادو زون کے ذمہ دار ثناء اللہ منگی کے والد منظور علی منگی ،متحدہ سوشل فورم کے رکن محمد حسن لکھی جمالی کے بھائی اعجاز احمد اور اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ 123کے ذمہ دار اشفاق احمد کے برادر نسبتی عبد الجبار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے تمام سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔دریں اثنارابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم اقلیتی امور اورنگی ٹاؤن سیکٹر یوسی 6کے کارکن یوسف عاشق کے والد عاشق جارج کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔