دنیا
11 اکتوبر ، 2014

ڈیلس :حبا انٹرٹینمنٹ کےتحت عید ملن اور محفل موسیقی کا اہتمام

ڈیلس :حبا انٹرٹینمنٹ کےتحت عید ملن اور محفل موسیقی کا اہتمام

ڈیلس .....راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی..... اہلیان ڈیلس کیلئے ان کی عیدالاضحی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے حبا انٹرٹینمنٹ کی اشتراک سے مقامی ریسٹورینٹ میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پُرتکلف کھانوں اور محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں پاکستان سے آئے ہوئے فنکاروں اور گلوکاروں نے بھرپور رنگ جمایا اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا جن میں معروف مزاحیہ فنکار و گلوکار پرویز صدیقی‘ معروف گلوکار منان علی خان اور شبیر ضیاء شامل تھے۔ اس موقع پر پرویز صدیقی نے جہاں مزاح کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے آنے والے افراد کو محظوظ کیا وہاں انہوں نے اپنی مسحورکن آواز سےسماں باند ھ دیا۔ پرویز صدیقی نے طنز و مزاح کے ذریعے جہاں دنیا جہاں کو ہدفِ تنقید کا نشانہ بنایا وہاں انہوں نے آنے والے حاضرین پر بھی طنز و مزاح کے تیر چلائے جبکہ اپنے ساتھی فنکاروں کو بھی نہیں بخشا۔ گلوکار شبیر ضیاء نے مختلف پاکستانی و انڈین فلمی گیت گائے اور محفل کو گرمایا جس کے بعد گلوکار منان علی خان نے استاد نصرت فتح علی خان کے گیت‘ غزلیں اور قوالیاں پیش کر کے سب کو حیران کر دیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے رہنماء برکت بسیریا نے گلوکار منان علی خان کو داد تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی گلوکاری واقعی حیرت انگیز ہے جبکہ دیگر افراد نے کہاکہ ان کے گلے میں واقعی نصرت فتح علی خان بولتا ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ استاد نصرت فتح علی خان واپسی سے زندہ ہو گئے ہیں۔ گلوکار منان علی خان نے استاد نصرت فتح علی خان کی متعدد قوالیاں اور گیت ان کے ہی مخصوص انداز میں پیش کر کے اپنے بھرپور فن کا لوہا منوایا۔ اس طرح یہ عید ملن پارٹی کی تقریب رات گئے تک جاری رہی۔ پروگرام کے آخر میں وہاں موجود مرد و خواتین نے سندھی و بلوچی لوک گیت اور جھولے لعل پر رقص بھی کیا۔ اس موقع پر حبا انٹرٹینمنٹ کے حسین آجانی نے آنے والے شہریوں خصوصا DFW کی اسماعیلی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پروگرام کو بھرپور طریقے کامیاب کیا۔ اس موقع پر آنے والے افراد کا کہنا تھا کہ مذکورہ پروگرام واقعی ایک یادگار پروگرام تھا۔ پروگرام کے آخر میں گلوکار منان علی خان نے پاکستان جرنل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ پہلی بار امریکہ میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں تاہم یہاں رہنے والے افراد میں جس طرح کا پیار‘ محبت اور مو سیقی سے لگاؤ انہوں نے دیکھا ہے اُس نے ان کو بہت متاثر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انڈیا کی بالی وڈ فلم انڈسٹری میں انہوں نے قدم رکھ دئیے ہیں اور ان کا پہلا فلمی گیت ریکارڈ کرایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انہیں یہ یقین ہے کہ وہ اپنی بھرپور محنت‘ ریاضت اور عوام کی محبت کے سبب ایک دن ضرور اس مقام اور مرتبہ پر پہنچیں گے جس کا خواب انہوں نے دیکھا تھا۔

مزید خبریں :