پاکستان
12 اکتوبر ، 2014

فیصل خورشید کی گرفتاری قابل مذمت،فوری رہا کیا جائے، رابطہ کمیٹی

 فیصل خورشید کی گرفتاری قابل مذمت،فوری رہا کیا جائے، رابطہ کمیٹی

کراچی........متحد ہ قو می موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے آج علی الصبح لیاقت آباد سے ایم کیو ایم کے کارکن فیصل خورشید کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ رینجرز کی بھاری نفری کی جانب سے فیصل خورشید کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا اورتاحال ان کے اہل خانہ یا پارٹی کے کسی ذمہ دار کو انکے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ فیصل خورشید سانس کی بیماری میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے انکے اہل خانہ اورہمیں ان کی زندگی اور صحت کے حوالے سے شدید تشویش لاحق ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ فیصل خورشیدکی بلاجواز گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کے لئے اقدامات کریں ۔دریں اثنا رابطہ کمیٹی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ہندؤں کے مذہبی تہوار دیوالی سے قبل ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ہندو برادری کا مذہبی تہوار 23اکتوبر 2014ء کو منایاجائے گا تاہم ہندو ملازمین اب تک تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے باعث ان میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ مذہبی تہوار کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کے لئے خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے جس پر ہر شخص اپنے مذہبی عقائد کی تکمیل کرتا ہے اور احباب کے ساتھ خوشیاں بانٹتا ہے ، ہندو ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی ’’دیوالی ‘‘ کے تہوار کی خوشیوں سے محروم کرنے کا عمل ہے اور حکومت سندھ کو پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کیلئے اپنا آئینی ، قانونی اور مذہبی فرض لازمی ادا کرنا چاہئے ۔رابطہ کمیٹی نے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار سے قبل تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور ہندو برادری کو فی الفور تنخواہیں جاری کرنے کے احکامات دیئے جائیں تاکہ ہندو برادری اپنا مذہبی تہوار منا سکے اور ان میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے ۔

مزید خبریں :