13 اکتوبر ، 2014
کراچی....... شکیل یامین کانگا.......پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے ریفری ججز کمیشن کے چیئرمین یونس پٹھان نے کہا ہے کہ بارہ سال بعد ایشین گیمز میں میڈل حاصل کرنا بڑا کارنامہ ہے، حکومت کی جانب سے دودا خان اور اقبال حسین کی فیڈریشن کو تسلیم کرنے سے سارے ابہام ختم ہوگئے، مستتقبل میں بھرپور پلاننگ کے ساتھ ریفری ججز کورسز کا انعقاد کریں گے اور انہیں جدید کورسز کیلئے ملک سے باہر بھی بھجوائیں گے۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2012 میں منتخب ہونے والے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے عہدیداروں کو کھل کر کام کرنے نہیں دیا جارہا تھا لیکن اس کے باوجود سیکرٹری جنرل اقبال حسین نے اپنے ذاتی خرچ پر کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرائی اور پھر اس کے بعد کامن ویلتھ گیمز میں سلور میڈل اور پھر ایشین گیمز میں برانز میڈل حاصل کرنا بڑا کارنامہ ہے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو اقبال حسین کی صورت میں کئی برس بعد ایک متحرک سیکرٹری ملا ہے۔ امید ہے ان کی سرکردگی میں قومی ٹیم مزید انٹرنیشنل مقابلوں میں میڈل حاصل کرے گی۔ اس سے قبل ہونے والے دو ایشین گیمز میں باکسنگ میں کھلاڑیوں نے کوئی میڈل حاصل نہیں کیا تھا جس کا ہمیں شدید احساس تھا، فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے کوچز علی بخش اور محمد طارق کو چنا۔ ان دونوں کوچز نے دن رات ایک کرکے کھلاڑیوں کو بھرپور ٹریننگ دی جس کا رزلٹس محمد وسیم نے برانز میڈل حاصل کرکے دیا۔ دونوں کوچز کو بھی اس شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ملکی باکسنگ کی گومگوں کی صورتحال اب چونکہ مکمل طور پر کلیئر ہوگئی ہے اور حکومت نے پاکستان اولمپک کے صدر جنرل (ر) عارف حسن کی پی او کو تسلیم کرلیا ہے، یہ بڑی خوش آئند بات ہے۔ ہم نے فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین نے بات کرکے ملک بھر میں ریفری ججز کمیشن کے ریفریشن کورسز کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے کا پہلا پروگرام نومبر میں کراچی میں ترتیب دیا ہے۔ اس کے بعد مزید پروگرام مرتب کریں گے اور ریفری ججز کو ٹریننگ دینے کیلئے ملک سے باہر بھیجیں گے۔ دریں اثنا ریفری ججز کمیشن کے رکن محمد اسلم قریشی، حیدرآباد باکسنگ کے نائب صدر یار محمد قمبرانی، سیکرٹری طاہر شیخ، شکیل صدیقی، پنجاب کے صدر محمود یوسف بٹ، سیکرٹری یوسف غزنوی، کے پی کے کے سیکرٹری کمال شاہ اور دیگر نے ایشین گمیز میں برانز میڈل حاصل کرنے پر اقبال حسین کو مبارک باد دی ہے۔