20 اکتوبر ، 2014
کراچی.........سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کردیا۔اس سے قبل سندھ حکومت سے علیحدگی کے فیصلے کے بعدمتحدہ قومی موومنٹ کے وزرا نے اپنے استعفے گورنر سندھ کو جبکہ مشیروں اور معاونین خصوصی نے استعفے وزیراعلیٰ سندھ کو بھجوادیے ۔ بلاول بھٹو کے ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف بیان سے شروع ہونے والا تناؤ پی پی اور متحدہ کی علیحدگی تک آپہنچا جس کے بعد ایم کیو ایم کے دو صوبائی وزرا ڈاکٹر صغیر احمد، رؤف صدیقی اور فیصل سبزواری سمیت تین مشیروں نے استعفے جمع کرادیے ہیں۔ دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی بنچیں الاٹ کرنےکےلیے ایم کیو ایم نے اسمبلی سیکریٹریٹ میں درخواست دیدی ہے۔ آج ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان تناؤ کی وجہ سے ماحول گرم ہوگیا،جس کے بعد ایم کیوایم کے ارکان نےسندھ اسمبلی کے اجلاس کا احتجاجاً بائیکاٹ کردیا اور واک آؤٹ کرکے اسمبلی اجلاس سے باہر چلے گئے۔اجلاس میں بلدیاتی نظام سے متعلق بل بھی پیش کیا جانے کا امکان ہے۔