21 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد.......اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہےکہ نکاح ختم کرنے کےلیے دوسری شادی کو بنیاد بنانا خلاف شریعت ہے ، لہٰذا تنسیخ نکاح کے قانون سے اس شق کوختم کیا جائے ۔اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس مولانا محمد خان شیرانی کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں تنسیخ نکاح سےمتعلق قانون ، انفساخ مسلم ازدواج کا جائزہ لیا گیا ،کونسل کے چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھاکہ نکاح ختم کرنے کے لیے دوسری شادی کو بنیاد بنانا خلاف شریعت ہے، قانون سے اس شق کوختم کیا جائے ، 7 سال قید کو تنسیخ نکاح کی بنیاد بنانا بھی خلاف شریعت ہے،نان نفقہ ادا نہ کرنے پر بیوی خاوند کے خلاف عدالت سے رجوع کر سکتی ہے، خاوند ازدواجی ذمہ داریاں نہ نبھائے یا تشدد کرے تو بیوی نکاح ختم کرا سکتی ہے،کم عمری کی شادی جائز ہے، تاہم بلوغت سے قبل رخصتی جرم ہے، مولانا شیرانی کا کہناتھاکہ کوئی بھی شخص کم عمر کی شادی کرائے تو لڑکی یا لڑکا 18 سال کی عمر سے قبل نکاح رد کر سکتا ہے، باپ اور دادا نیک نیتی سے نکاح کرائیں تو اسے رد نہیں کیا جا سکتا ہے۔