28 اکتوبر ، 2014
مظفرگڑھ.......مظفرگڑھ میں تین ماہ پہلے ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کی وڈیو سامنے آگئی ہے۔ہلاک ملزم کے اہل خانہ نے پولیس پر جعلی مقابلے کا الزام عائد کیا ہے ۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک شخص ملازم حسین کے والد خادم حسین نے بتایا کہ انہیں مبینہ مقابلے کی وڈیو مل گئی ہے۔وڈیو میں نظر آرہا ہے کہ ملازم حسین زخمی حالت میں زمین پر پڑا ہے اور پولیس اہل کار موبائل فون سے اس کی وڈیو بنارہے ہیں۔خادم حسین نے کہا کہ ان کا بیٹا دریا سے مچھلیاں پکڑ رہا تھا ۔ اُس وقت پولیس نے پہلے اس کی ٹانگ میں گولی ماری ۔ پھر دریا کے دوسرے کنارے لے جا کر مزید فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔اس سے پہلے مظفر گڑھ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ملازم حسین پر 3 افراد کے اغوا اورمویشی چوری کا الزام تھا اور وہ پولیس سے مقابلے کے دوران مارا گیا ۔