29 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد.........اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے دیا گیا وقت ختم ہونے پر پی ٹی آئی نے سوا چار بجے تک کا وقت مانگ لیا ہے۔ تحریک انصاف کے 21 ارکان اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ بدستور ڈیڈلاک کا شکار ہے۔ اسپیکر نے انفرادی تصدیق کیلئے آئین کا سہارا لیا جبکہ پی ٹی آئی کا مسلسل اجتماعی تصدیق پر اصرار ہے۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے ایک بار پھر تحریک انصاف کے ارکان سے ملاقات کرکے ان کو بتایا کہ وقت ختم ہو گیا ہے۔اسپیکر آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفوں کی تصدیق کے لیے 2 بجے سے 3 بجکر 20 منٹ تک کا وقت تھا،جو کہ ختم ہو چکا ہے ۔تاہم تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی بدستوراسپیکر لاؤنج میں موجود ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے سوا چار بجے تک کا وقت مانگا ہے، تصدیق ضروری ہے، پی ٹی آئی ارکان نے کہا کہ مشاورت کر کے بتائیں گے، ابہام ہے کہ ارکان نے دباؤ میں استعفے دیے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی ایوان میں آئے اور استعفے کی تصدیق نہیں کی،تحریک انصاف کوقانونی صورتحال بتائی جاچکی ہے۔