22 اپریل ، 2012
اسلام آباد… وزیرداخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ بھوجا ایئرلائنز کو 1992 میں نواز شریف نے لائسنس دیا جبکہ یہ ایئرلائنز نادہندہ ہونے کے باعث 2001 سے 2011 تک معطل رہی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ بھوجا ایئر لائن میں 6 لوگوں کے شیئر ہیں،فاروق بھوجا کا حصہ 5 فی صد ہے، ارشد جلیل کا شیئر 40 فی صد، مسز ارشد جلیل کا 20 فی صد، عمر جلیل کا 20 فیصد ، اور ذیشان کرمانی اور مظہر حسین کے 7.5 فی صد شیئرہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان 6 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے گئے ہیں جبکہ مسٹر اورمسزجلیل چین میں ہیں، ان کو پاکستان واپس آنے کا پیغام بھیجاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی ایئر لائنز کے لائسنس اور معاہدوں کے قوانین کااز سر نو جائزہ لینا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا وائس رکارڈر مل گیا ،پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔