پاکستان
03 نومبر ، 2014

واقعہ کربلارہتی دنیاتک فراموش نہیں کیا جاسکتا،الطاف حسین

واقعہ کربلارہتی دنیاتک فراموش نہیں کیا جاسکتا،الطاف حسین

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق اور باطل کا ایک ایسا دلخراش معرکہ ہے جسے رہتی دنیاتک فراموش نہیں کیا جاسکتا۔یوم عاشور کے موقع پر ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ، اہل ابیت اور ان کے رفقا نے اسلام کی بقا اور حق کی سربلندی کی خاطر اپنا سرکٹانا قبول کرلیا، اپنے پورے گھر کی قربانی دینا منظور کرلیا لیکن باطل پرست کی بیعت کرنا منظور نہیں کیا اور ظالم وجابر قوتوں کے آگے سرخم نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ سیدالشہدا حضرت امام حسین اور اہل بیت اطہار نے اسلام کی بقا اور حق کی خاطر میدان کربلا میں جو لازوال قربانیاں دیں، تسلیم ورضا، صبر واستقامت، عزم وہمت اور ایثاروقربانی کی جولازوال مثال قائم کی اسے رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ امام حسین، اہل بیت اوران کے رفقا کی قربانیاں ہمیشہ حق کے راستے پر چلنے والوں کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ حضرت امام حسین اور اہل بیت نے میدان کربلا میں لازوال قربانیاں دے کر پوری انسانیت کو یہ درس دیا کہ ظالم چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ اور حق کی راہ پر چلنے والے تعداد میں چاہے کتنے ہی قلیل اور کمزورکیوں نہ ہوں حق پرستی کا تقاضہ ہے کہ کسی بھی قیمت پر باطل پرست قوتوں کی بیعت نہ کی جائے اورحق اور سچ کی راہ میں بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہ کیاجائے۔

مزید خبریں :