04 نومبر ، 2014
لاہور.......سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کےلئے بھارت سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جا ری ہے ۔سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گورو نانک کے پانچ سو چھیالیسویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کےلئے دو ہزار کے قریب سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ سکھ یاتری دو ٹرینوں کے ذریعے واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سکھ یاتری پاکستان پہنچنے پرپرجوش نظر آئے۔واہگہ بارڈر پر حالیہ سانحے کے باوجود سکھ یاتریوںکوکسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑا، اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقداما ت کئے گئے تھے۔ سکھ یاتری ننکانہ صاحب ،حسن ابدال،ایمن آباد اور لاہور واقعہ اپنے مقدس مذہبی مقامات کی زیارت بھی کریں گے۔ وہ 13 نومبر کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔واہگہ ریلوے اسٹیشن کے ذریعے پاکستا ن پہنچنے والے یہ سکھ یاتری نہ صرف پاکستان آنے پر خوش اور پر جوش دکھائی دے رہے ہیں،بلکہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال سے بھی مطمئن نظر آ رہے ہیں۔