05 نومبر ، 2014
راولپنڈی......سری لنکا میں گزشتہ ہفتے مٹی کا تودہ گرنے سے متاثر ہونے والے خاندانوں کےلئے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان سری لنکا کی فوج کے حوالے کر دی گئی، امدادی سامان کی ایک اور کھیپ آج بھیجی جائے گی ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کے لیے بھیجی جانے والے امدادی سامان میں 10 جنریٹر،150 خیمے اوردوائیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی ٹیم کا تکنیکی عملہ سری لنکا فوج کی تنصیبات کی تعیناتی میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ امدادی سامان سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاک فوج کے افسران نے سری لنکا کے ڈپٹی آرمی چیف کےحوالے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سری لنکا کی آرمی چیف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور امداد کی پیشکش کی تھی۔ امدادی سامان کی ایک اور کھیپ آج سری لنکا کے حوالے کی جائے گی۔