16 نومبر ، 2014
گجرانوالہ........ متحدہ قومی مومنٹ کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پنجاب اس وقت تبدیلی کی زد میں ہے، عوام اب جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، یہ بات انہوں نے گجرانوالہ میں ایم کیو ایم کے رکنیت سازی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی ۔ جی روڈ پر لگائے گئے کیمپ میں لوگ اپنے شناختی کارڈ کے ذریعے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرتے نظر آئے ۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم موروثی سیاست کے خاتمے کیلئے ایک نئی طرز کی سیاست متعارف کرا رہی ہے ، کچھ لوگ ایک پروپیگنڈے کے تحت ایم کیو ایم کو سندھ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں مگر اب ایسا نہیں ہوگا ۔ خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ ایم کیو ایم کو وفاقی حکومت میں شامل ہونے کی نہ کوئی دعوت ملی ہے اور نہ ہی پارٹی کا ایسا کوئی ارادہ ہے ۔