17 نومبر ، 2014
اسلام آباد........رینٹل پاور کیس کے ایک گواہ چیف انجینئر پیپکو نے احتساب عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ وکلاء صفائی آئندہ سماعت پر 2 دسمبر کو گواہ کے بیان پر جرح کریں گے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کےجج محمد بشیر نے پیراں غائب اور ساہووال رینٹل منصوبوں میں بے قاعدگیوں پرسا بق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی ۔ دوران سماعت نیب نے چیف انجینئر پیپکو یوسف جوئیہ کو استغاثہ کے گواہ کے طور پر عدالت کے سامنے پیش کیا۔ گواہ نے بیان ریکارڈ کرایا اوربیان سے متعلق بعض دستاویزات بھی عدالت میں جمع کرائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنس سے متعلق دیگر دستاویزات بھی جلد عدالت میں پیش کر دی جائیں گی۔ آئندہ سماعت پر گواہ پر جرح ہو گی۔