20 نومبر ، 2014
لاہور......پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کوچ نوید عالم کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ نہ کھیلنے اور ایشین گیمز ہارنے کے بعد بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن کا فنڈز کے لیئے حکومت سے بھیک مانگنا سمجھ سے باہر ہے ۔اولمپین نوید عالم کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ناتجربہ کار عہدیدار اپنے جوائے ٹرپس کے لیئے فنڈز فنڈز کا راگ الاپ رہے ہیں، وہ پہلے سو کروڑ روپے کا حساب دیں اس کے بعد حکومت سے بھیک مانگیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لیئے کھیلنے پر آمادہ ہیں لیکن انہیں استعمال کیا جا رہا ہے اور فنڈرز اکٹھے کرنے کی خاطر انہیں احتجاج پر مجبورکیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن مارکیٹنگ کے شعبے کو مضبوط بنا کر اتنے فنڈز تو اکٹھے کر سکتی ہے کہ ٹیم کو بیرون ملک بھیجا جا سکے ۔