23 اپریل ، 2012
واشنگٹن … وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال آئی ایم ایف کو 70 کرو ڑ ڈالر واپس کرچکے ہیں اور جون تک مزید 41 کروڑ ڈالر واپس کردیں گے، عالمی دنیا میں ناقص معاشی حالات کے باوجود بھی برآمدات بڑھ رہی ہیں، اس سال بیرون ملک سے ساڑھے 13 ارب ڈالر کی ترسیلات زر آئیں گی۔ واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی بینک ایک ارب ڈالر دے گا اور یہ عالمی مالیاتی کارپوریشن توانائی کیلئے تاریخ ساز فنڈنگ ہوگی، ایشیائی ترقیاتی بینک 3 ارب ڈالر دے گا جبکہ امریکا نے منگلا ڈیم اور کورم تنگی ڈیم کیلئے 22 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ سب سے بڑا خطرہ ہے اور تیل مہنگا ہونے سے برآمدات بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سال معیشت 4 فیصد بڑھے گی اور یہ موجودہ حکومت کے دور میں سب سے زیادہ اقتصادی ترقی ہے، عالمی دنیا میں ناقص معاشی حالات کے باوجود بھی برآمدات بڑھ رہی ہیں، اس سال بیرون ملک سے ساڑھے 13 ارب ڈالر کی ترسیلات زر آئیں گی۔ محصولات جمع کرنے میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے، محصولات کا ہدف ہر حال میں پورا ہوگا۔