28 نومبر ، 2014
شارجہ.....تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان ٹیم 351رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ مارک کریگ نے 7وکٹیں حاصل کیں۔ محمدحفیظ ایک بار پھر ڈبل سنچری اسکور نہ کرسکے اور 197رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔اس سے قبل محمد حفیظ کاایک اننگز میں زیادہ سے زیادہ اسکور 196رنز تھا۔دوسرے روز کھیل کے آغاز سے قبل آسٹریلوی بیٹسمین فل ہیوز کی افسوسناک موت پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، کھلاڑی بازوپر سیاہ پٹی باندھ کر گرائونڈ میں داخل ہوئے۔کھلاڑیوں نے فل ہیوز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روزمحمد حفیظ 178 اور کپتان مصباح الحق نے 38رنز کے ساتھ مجموعی اسکور 280رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا آغاز کیا۔کپتان مصباح الحق 38رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،اوپنر محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 197رنز بنائے اور صرف تین رنز کے فرق سے اپنی پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری نہ بناسکے۔اسد شفیق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 11رنز بناکر سائوتھی کی گیند پر کریگ کو کیچ دے بیٹھے۔سرفراز احمد15رنز بناسکے ، وہ بھی کریگ کا شکار بنے۔محمد طلحہٰ اور راحت علی کوئی رن نہ بناسکے۔مارک کریگ نے کیریئر کی بہترین بالنگ کرتے ہوئے 94رنز دے 7وکٹیں حاصل کیں۔