08 دسمبر ، 2014
اسلام آباد .........وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا احتجاج پُرتشدد واقعات کا سبب بنا اور ایک معصوم زندگی کی بازی ہار گیا، پلان سی ملک میں انارکی پھیلانا ہے، خان صاحب!آگ کےشعلے نہ بھڑکائیں، یہ آگ آپ کےدامن تک پہنچ جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ شہریوں نے فیصل آباد بند کرنے کے منصوبے کی بھرپورمذمت کی، پہیہ جام ہوا نہ ہی اسکول بند کیے گئے تاہم تحریک انصاف کے جتھا برداروں نے غنڈہ گردی کی ، سڑکوں پر آگ لگاکر ٹریفک بند کرنے کی کوشش کی گئی، کھلی دکانوں پر حملے کر کے مرو اور مارو کی تقاریر پر عمل کیاگیا ، ریڈ زون والی غنڈہ گردی دہرائی گئی، پی ٹی آئی نے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر اپنی مرضی کرنے کی کوشش کی،عمران خان کو فیصل آباد کے واقعات پر شرمندگی کا اظہار کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ عمران خان کا احتجاج پُرتشدد واقعات کا سبب بنا اور ایک معصوم زندگی کی بازی ہار گیا، ہم نے پولیس کوکوئی ایسی چیز نہیں دی جس سے کوئی اپنی زندگی سے محروم ہو، حکومت قاتل کو گرفتار کرنا اپنا فرض سمجھتی ہے، قاتل کی فوٹیج مل گئی ہے، اس کا تعلق خواہ کسی جماعت سے ہو، گرفتارکر کے مقدمہ چلایا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جمہوری قوتوں کے اتحاد سے عمران خان کے جمہوریت کے خلاف اے اور بی پلان ناکام بنا دیے گئے، پلان سی ملک میں انارکی پھیلانا ہے، عمران خان کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں، انہیں قاتل کی گرفتاری میں کوئی دلچسپی نہیں، اسی لیے اپنا سیاسی اسکور سیٹل کرنے کے لیے جلوس لے کر رانا ثناء اللہ کے گھر گئے۔تحریک قتل و غارت ،تحریک فتنہ و فساد نہ بنیں ، اپنی جماعت کے نام کی لاج رکھیں، آپ کو عدالتوں سے انصاف ملا بھی اور انصاف ملنے کاعمل جاری بھی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کو کوئی نقصان ہوا تو اس نقصان سے عمران خان بھی بچ نہیں سکیں گے ،تحریک انصاف کے کارناموں سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔