26 اپریل ، 2012
لاہور…وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑا کر کاروبار مملکت نہیں چل سکتا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدیوسف گیلانی کو چاہیے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔لاہور سے جاری بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ جمہوریت کی بقا اورقانون کی بالادستی کے لئے توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پرتمام آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق عمل ہوناچاہیے ۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ قوم نے عدلیہ کیلئے قربانیاں اس لیے نہیں دیں تھیں کہ عدلیہ کے فیصلوں کا کھلم کھلا مذاق آڑایا جائے اوریہ عمل جمہوری عمل کیلئے خطرے کا باعث ہوسکتاہے انہوں نے کہا کہ سوئس بینکوں میں موجودپاکستان کی لوٹی ہوئی رقم آج نہیں توکل ضرور واپس آئیگی۔