27 اپریل ، 2012
لاہور… گجرات پولیس جمعہ کے روز بھی پراسرار طور پر غائب ہونے والی نوجوان لڑکی شازیہ کو بازیاب کرا کے لاہور ہائی کورٹ میں پیش نہ کر سکی۔ جسٹس مظاہر علی نقوی نے ریمارکس دیئے کہ پولیس اپنا کام ٹھیک طریقہ سے نہیں کر رہی۔کیس کی سماعت کے دوران جسٹس مظاہر علی نقوی نے ریمارکس دیئے کہ اگر پولیس قانونی ذمہ داریاں پوری کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ لڑکی بازیاب نہ ہو سکے۔ جمعہ کے روز ڈی پی او گجرات بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ شازیہ تاحال بازیاب نہیں ہو سکی عدالت مہلت دے۔ شازیہ کے موبائل فون ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ اس نے اپنے اغوا کے مقدمہ میں ملوث ملزم آفتاب سے 80 مرتبہ رابطہ کیا۔ ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد ملزمان آفتاب اور قاضی امیر کو چار مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا۔