01 جنوری ، 2015
ملتان .....سرائیکی زبان کے معروف شاعر شاکر شجاع آبادی کو وزیراعظم کی ہدایت پر علاج کے لئے ملتان کے نشتر اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے ۔ سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کے علاج کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے از خود نوٹس لے کر احکامات جاری کئے تھے کہ حکومت ان کا مفت علاج کرائے۔ جس کے بعد وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر نشتر اسپتال کے ایم ۔ ایس نے ایمبولینس کے ذریعے شاکر شجاع آبادی کو ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے علاقہ راجہ رام سے اسپتال منتقل کرایا جہاں ان کے بلڈ ٹیسٹ اور ایم ۔ آئی ۔ آر کروا لی گئی ہیں ۔ ڈاکٹروں کے مطابق شاکر شجاع آبادی کی رپورٹ کل آئیں گی جن پر 6 ماہر ڈاکٹروں کی کمیٹی بتائے گی کہ شاکر شجاع آبادی کا علاج کس حد تک ممکن ہے ۔ شاکر شجاع آبادی ہڈیوں کے مرض میں مبتلا ہیں اور ان کے جسم کی ہڈیاں مڑی ہوئی ہیں ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کا علاج ممکن ہے لیکن وہ مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکتے ۔