04 جنوری ، 2015
نئی دہلی......بھارت کی جانب سے مبینہ دہشتگر دوںکی پاکستانی کشتی کی تباہی کےڈرامے پر بھارتی میڈیا کے بعد حزب اختلاف کانگریس بھی سوالات اٹھا رہی ہے،بھارت کی دو بڑی سیاسی قوتیں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اوراپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس آمنے سامنے آگئیں۔بھارتی حکومت نے ہمیشہ کی طرح پاکستان سےمبینہ دہشتگردوں کی کشتی اپنے ملک کی جانب آنے کا الزام لگایا مگر اس کے جھوٹ کا بھانڈا بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے پھوڑڈالا،جس کے بعد کانگریس بھی اپنی حکومت کی چال سمجھ گئی اور کانگریس نے بھارتی حکومت سے سوال کیا ہے کہ اگر اسکا دعویٰ سچا ہےتو بھارتی حکومت بتائے کہ یہ کشتی کس دہشت گرد تنظیم کی تھی؟کانگریس رہنما اجے کمارکا کہنا ہے کہ حکومت نے ایسا کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیا جس سے یہ کہا جا سکے کہ بھارت پر بڑا دہشتگرد حملہ ہونے والا تھا۔کانگریس کا کہنا ہے کہ حکومت اس معاملے کو سنسنی خیز بنا رہی ہے۔ کانگریس کے مطابق حکومت پاکستان پر ایسے الزامات لگا کر بے جا توجہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ بی جے پی اور کوسٹ گارڈ معاملے کی وضاحت کریں۔دوسری جانب بی جے پی نے کانگریس کو جواب دیتے ہوئےکہا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر کانگریس پاکستان کی زبان استعمال کر رہی ہے۔ بھارتی وزارت دفاع نے 31 دسمبر کو گجرات کے سمندر میں دہشت گردوں کی ایک کشتی تباہ ہونے کا دعوی کیا تھا، تاہم 48 گھنٹے بعد اس ڈرامے کا ڈراپ سین اس وقت ہوا جب بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے ایک رپورٹ میں بھارت ہی کے اعلیٰ حکومتی ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پریہ انکشاف کیا تھا کہ بحرہند میں تباہ ہونےوالی کشتی ڈیزل اور شراب کے اسمگلروں کی تھی اسی لیے کشتی کے ملبے کو محفوظ نہیں کیا گیا۔