07 جنوری ، 2015
کراچی..........کراچی کے شہریوں کے لئے خوشخبری ، غیر سرکاری ادارے کے تعاون سے کمشنر کراچی نے سی ویو پر بیچ واچ ٹاورز لگانے کا افتتاح کردیا۔گذشتہ سال عید کے موقع پر کراچی کے ساحل پر بڑی تعداد میں لوگوں کے ڈوب جانے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے سی ویو کے ساحل پر نہانے پر پابند عائد کردی تھی، کچھ عرصے بعد بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے سی ویو کے ساحل کو دوبارہ لوگوں کے لیے کھول دیا گیا۔ بلاآخر ایک غیر سرکاری ادارے نے سی ویو کے ساحل پر پر واچ ٹاور لگانے کا آغاز کردیا ہے۔اس سلسلے میں سب سے پہلے ایک 29 فٹ لمبا واچ ٹاور بنادیا گیا، جو کہ اسی جگہ واقع ہے، جہاں لوگوں کے ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ان واچ ٹاورز میں لائف گارڈز بھی موجود رہیں گے۔ غیر سرکاری ادارے کا دعویٰ ہے کہ اگلے 45 دنوں میں 4 واچ ٹاور کی تعمیر مکمل کردی جائے گی جبکہ مستقبل میں ڈی ایچ اے اور ہاکس بے کے ساحل پر بھی واچ ٹاورز نصب کئے جائیں گے۔