12 جنوری ، 2015
کراچی......گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ شاہ فیصل کالونی میں اسکول کی زمین واگزار کرنے میں کسی نے بھی مداخلت کی تو اس سے سختی سے نمٹا جائے۔ کراچی میں شاہ فیصل کالونی کے علاقے گرین ٹائون میں قائم سرکاری اسکولوں کی زمین پر قبضہ کی خبر جیونیوز پر نشر ہونے کے بعد الطاف حسین کی ہدایت پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے متاثرہ اسکول کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ کے ساتھ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی بھی تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہناتھا کہ متاثرہ اسکول کے ملبے کو ہٹاکر اسکول کو جلد تعمیر کروادیا جائے گااور قبضہ ختم کرانے کے دوران کسی قسم کی مداخلت کرنے والے سے سختی سے نمٹا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں آنے سے پہلے وزیر تعلیم ، سیکریٹری تعلیم سے بات ہوئی تھی اور ان کے مطابق یہ گورنمنٹ اور کسی پرائیوٹ اونر کے درمیان زمین کی ملکیت کا معاملہ ہے لیکن اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ زمین کی ملکیت اور اس پرقبضے کے طریقہ کار موجود ہیں لیکن جو طریقہ کار اپنا گیا وہ کسی لینڈ مافیا کی طرز کا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کل سے یہاں پڑھائی دوبارہ شروع ہوجائے۔متاثرہ اسکول کی پرنسپل نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پورے علاقے میںیہ ایک ہی سرکاری اسکول ہے جس میں بڑی تعداد میں بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔