پاکستان
15 جنوری ، 2015

شہداء کے قاتلوںکوانصاف کے کٹہرے میںلایاجائے ،ایم کیو ایم امریکا

 شہداء کے قاتلوںکوانصاف کے کٹہرے میںلایاجائے ،ایم کیو ایم امریکا

شکاگو....... کراچی میں کھوکھراپار پولیس کے اہلکاروں کے ہاتھوں دورانِ حراست بہیمانہ تشدد سے ماورائے عدالت قتل کئے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سید فراز عالم شہید اور گرفتاری کے بعد لاپتہ کئے گئے کارکنان محمد ریحان، سید نعیم جفری شہید ، سید جعفر عباس شہید اور ٹارگٹ کلنگ کئے جانے والے عبدالرئوف شہید سمیت کراچی میں جاری نام نہاد اپریشن کی آڑ میں ایم کیو ایم کے کارکنان و ہمدردان کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف ایم کیو ایم امریکہ کے مختلف چیپٹرز کے زیر اہتمام سولہ سے زائد شہروںمیں احتجاجی مظاہرے کئے گئے،جس میں ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی ،جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت اراکینِ سینٹرل کمیٹی، چیپٹر انچارجز، مختلف شعبہ جات کے ذمہ داروں ، کارکنان اور پاکستانیوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہروں میں موجود شرکاء نے کارکنان کی غیر قانونی گرفتاریوں، ان پر وحشیانہ تشدد اور مسلسل نشانہ وار قتل کئے جانے کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے،جبکہ انھوں نے بازئوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور وہ حکومت سندھ اورمتعصب اہلکاروں، ججز اور وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف نعرے بھی لگا رہے تھے۔ شکاگو میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے کہا کہ وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا آج ظلم کرنے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ کل انہیں اپنے ہر ظلم کا حساب بھی دینا پڑے گا، ظالموں کو چھپنے کیلئے قبر میں بھی جگہ نہیں ملے گی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردیوں میں خون آشام درندے چھپے ہیں جو ایم کیو ایم کے کارکنان کے خون کے پیاسے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کراچی آپریشن کے نام پر صرف مخصوص افراد اور کمیونٹی کو بدترین تعصب کا نشانہ بنا یا جارہا ہے۔ دوسری جانب جرائم پیشہ عناصر ، فرقہ پرست اور کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے۔انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ناصر الملک، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقبول باقر، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور دیگر مقتدر قوتوں سے یہ مطالبہ کیا کہ فراز عالم سمیت ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کو گرفتار کر کے لاپتہ کئے جانے اور انسانیت سوز تشدد کے بعد ماورائے عدالت شہید کئے جانے کے مسلسل عمل پاکستان کے حق میں نہیں ہے،ان معاملات کا فی الفور اور سنجیدگی سے نوٹس لیا جانا ضروری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مہاجر قوم اپنے شہیدوں کے جنازے اٹھا کر تھک چکی ہے ضروری ہے کہ اب مظلوموں کی دادرسی کی جائے۔جوائنٹ سینٹرل آرگنائزر محمد ارشد حسین نے نیویارک میں خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کے کارکنان کے سفاکانہ قتل کی بھر پور مذمت کی۔

مزید خبریں :