16 جنوری ، 2015
کراچی......... اسلامی جمعیت طلبا کے مظاہرین اور پولیس کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے فرانسیسی قونصل خانے پر جاری اپنا احتجاج ختم کردیا جس کے بعد وہ کراچی پریس کلب کی جانب روانہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق اسلامی جمعیت طلبا کے مظاہرین پریس کلب پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ فرانس میں شائع کئے گئے گستاخانہ خاکوں کیخلاف کراچی کے علاقے کلفٹن میں تین تلوار سے شروع ہونے والا اسلامی جمعیت طلبا کے مظاہرین کا احتجاج تشدد اختیار کر گیا تھا۔ مظاہرین نے فرانسیسی قونصل خانے کی جانب مارچ کیا تو پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج، شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس اور مظاہرین نے ایک دوسرے پر الزام لگایا کہ انہوں نے اسٹیٹ فائر کئے ۔ احتجاج کے دوران گولی لگنے سے غیرملکی خبرایجنسی اے ایف پی کا فوٹوگرافر آصف حسن شدید زخمی ہوگیا جسے پولیس موبائل کے ذریعے فوری جناح اسپتام منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ آصف حسن کی حالت تشویشناک ہے جسے آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف حسن کے سینے میں گولی لگی جبکہ احتجاج کے دوران ایک گولی کیپیٹل ٹی وی کے کیمرامین عدیل کے پاؤں میں بھی لگی۔ زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔