28 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی میں لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں سول لائن تھانے کے ایس ایچ او فواد خان سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے ،پولیس اہلکاروں سمیت 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جبکہ سی آئی ڈی پولیس نے لیاری میں کارروائی کرکے مطلوب ملزم ملا نثار کے بھائی سہیل کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کراچی کے علاقے لیاری میں کشیدگی جاری ہے اورکلاکوٹ پولیس لائنز پر شرپسندوں کے حملے کے بعد علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ فائرنگ سے ایس ایچ او سول لائن سمیت 6 افراد ہلاک جبکہ خواتین اور پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پیش قدمی جاری ہے۔ لیاری کے علاقے بہار کالونی، کلاکوٹ، بغدادی، کلری سمیت دیگر علاقوں میں فائرنگ، دستی بم اور راکٹ حملے کیے گئے، جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ شرپسندوں نے کلاکوٹ پولیس لائنز پر تین اطراف سے منظم حملہ کیا جس میں دستی بموں اور راکٹ لانچروں کا بھی استعمال کیا گیا۔ دوسری جانب ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سی آئی ڈی، ایف سی، ایلیٹ فورس اور پولیس کے دستے لیاری کے کشیدہ علاقوں میں پیش قدمی کررہے ہیں، بکتر بند گاڑیاں بھی علاقے میں داخل ہوگئی ہیں۔ شرپسندوں کی جانب سے دستی بم اور راکٹ حملوں میں کئی بکتر بند گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی کے ٹائر پھٹ گئے جس کے بعد پولیس نے چین والی بکتر بند گاڑی بھی منگوالی۔