16 جنوری ، 2015
اسلام آباد .........گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف راولپنڈی اور اسلام آباد میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نےاحتجاجی مظاہرے کیے اورریلیاں نکالیں۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظورکی گئیں۔ جماعت اسلامی کےمرکزی نائب امیر میاں اسلم کی زیرقیادت اسلام آباد کے آب پارہ چوک پرگستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ راولپنڈی میں جماعت اسلامی کی ریلی کا آغاز فوارہ چوک سے ہوا۔شرکاء پریس کلب پہنچے اوراحتجاجی مظاہرہ کیا۔ راولپنڈی میں شباب ملی نے آمنہ مسجد کری روڈ سے ریلی نکالی۔ شرکاء نےخاکےشائع کرنےوالوں کےخلاف شدیدنعرےبازی کی۔ جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف اسلام آباد میں جامع مسجد قباء کے سامنےاحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ حافظ عبدالرحمان مکی اور دیگرمقررین نےمطالبہ کیاکہ مسلم ممالک مغربی اداروں سے علیحدگی کا اعلان کردیں۔ مجلس وحدت المسلمین کی اسلام آباد میں احتجاجی ریلی کا آغاز امام بارہ گاہ جی سکس اثنا عشریٰ سے ہوا۔ ریلی کے شرکاء فضل حق روڈ سے پولی کلینک چوک پہنچے اوراحتجاجی مظاہرہ کیا۔ علامہ اصغر عسکری نے مطالبہ کیا کہ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں گستاخانہ خاکوں کےخلاف مذمتی قراردادیں منظورکی گئیں، جن میں کہاگیاکہ حکومت فرانس سے احتجاج کیاجائے جبکہ اسلامی تنظیم اپنا کردار ادا کرے۔