پاکستان
16 جنوری ، 2015

تاج حیدر ناقص حکومتی کارکردگی پر توجہ دیں،غازی صلاح الدین

کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن غازی صلاح الدین نے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری و سینیٹر تاج حیدر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاج حیدر کا بیان "کھسیانی بلی کھمبا نوچے "کے مترادف ہے او ر وہ اس طرح کے بیانات دے کر سندھ حکومت کی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 30سالوں سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود آج سندھ کے غریب عوام فاقہ کشی اور اپنے بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں، پیپلز پارٹی کی وفاق اور سندھ میں حکومت ہونے کے باوجود آج تک محترمہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ لہٰذا تاج حیدر کو ایم کیو ایم کے غم میں دبلا ہونے کے بجائے اپنی شہید قائد محترمہ بینظیر بھٹو کے قاتلوںکو تلاش کرنے اور ان کو سزا دلانے کے لئے اپنی قیادت سے سوال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب تو سندھ حکومت نہ صرف ایم کیوایم کے کارکنان و عوام کو دہشت گردوں سے تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے دوسری جانب حکومت سندھ کی ایما پران کو بلا جواز گرفتار کرکے ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے اس پر پیپلز پارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کے شہید کارکنا ن کا مذاق اڑانا ناقابل برداشت ہے، ایم کیو ایم غریب متوسط طبقے کی جماعت ہے جو اپنے قیام سے ہی ملک بالخصوض سندھ پر قابض وڈیروں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے اور اس کی پاداش میں ایم کیو ایم پر کئی مرتبہ شب خون مارا گیا اور اب تک مختلف حیلے بہانوں سے ایم کیو ایم کے کارکنان و ہمدردوں کی شہادتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے تھرپارکر میں خوراک کی کمی کے باعث سیکڑوں بچے اور، خواتین ہلاک ہوچکے ہیں لیکن سندھ کے وزیراعلیٰ اور وزارء نے تھرپارکر میں نمائشی کابینہ کا اجلاس کیا مگر تھرپارکر میںقحط سالی کے حوالے سے کسی قسم کے عملی اقدامات نہیں کیا گیا، کراچی سمیت سندھ بھر میںقانون نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی خود وزیراعلیٰ کے شہر خیرپور میں جرائم کی شرح میں 100فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاج حیدر دوسروں پر الزام تراشی کرنے کے بجائے سندھ میں حکومتی کارکردگی بہتر کرنے کی کوشش کریں اور امن و امان ، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔دریں اثناایم کیوا یم ناظم آباد گلبہار کے شہید کارکنان عبد الرحمن اور محمد اشرف کی فاتحہ سوئم جمعہ کے روز غوثیہ مسجد ناظم آباد میں ادا کردی گئی۔ فاتحہ سوئم کے اجتماع میں رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر نصرت شوکت ،حق پرست اراکین اسمبلی ، مقامی سیکٹرز و یونٹس کے کارکنان، شہداء کے اہل خانہ اور اہل محلہ نے بڑی تعدا د میں شرکت کرکے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔

مزید خبریں :