18 جنوری ، 2015
جوہانسبرگ........ جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز نے سولہ گیندوں پر پچاس اور پھر اکیتس گیندوں پر سنچری مکمل کرکے ایک ہی میچ میں تیز ترین بیٹنگ کے دو ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کرلئے ۔ساتھ ہی انہوں نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ اے بی ڈی ویلیئرز نے ہر گیند کو بائونڈری لائن سے باہر پہنچایا، چوکوں اور چھکوں کی برسات کی۔ ڈی ویلیئرز نے پہلے سولہ گیندوں پر تیز ترین ففٹی بناکر سری لنکا کے سنتھ جے سوریا کا انیس سال پرانا ریکارڈ توڑا، پھر اکتیس گیندوں پر سنچری مکمل کرلی اور تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ اس سے پہلےنیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن نےگزشتہ سال ویسٹ انڈیز کیخلاف چھتیس گیندوں پر سنچری بنائی تھی ۔اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنی اس ریکارڈ ساز اننگز میں سولہ چھکے بھی لگائے اورسب سے زیادہ چھکوں کا روہت شرما کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ۔