21 جنوری ، 2015
اسلام آباد......فنانس کمیٹی برائے سینیٹ کی چیئر پرسن حق پرست سینیٹر نسرین جلیل نے چیئر مین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری سے درخواست کی ہے کہ ملک میں پیدا ہونیوالے موجودہ پیٹرولیم بحران کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بیک وقت تین کمیٹیوں کا اجلاس بلایا جائے تاکہ باہمی مشاورت کے ذریعے پیٹرولیم بحران کی وجوہات اور اس کے سدباب کے حوالے سے کوئی مستقل حل تجویز کیا جاسکے ۔چیئرمین سینیٹ سید نیر حسن بخاری سے ملاقات میں سینیٹر نسرین جلیل نے کہا کہ پیٹرول کے موجودہ بحران نے ملک بھر کے عوام کو ذہنی اذیت و پریشانی کا شکار کردیا ہے جس کے سبب معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں لہٰذا سینیٹ میں اس مسئلے کو بہتر اور فوری حل کرنے کیلئے وزارت پیٹرولیم ،وزارت پانی و بجلی اور وزارت خزانہ کوسینیٹ کے اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین کی سربراہی میں ایک ٹیبل پر جمع کرکے مسئلے کے حل کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے تاکہ ملک کو پیٹرول کے بحران سے جلد از جلد نکالا جا سکے۔