پاکستان
22 جنوری ، 2015

محمد عابد کی شہادت پر الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کااظہار افسوس

 محمد عابد کی شہادت پر الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کااظہار افسوس

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم اورنگی ٹائون سیکٹر یونٹ 118-Bکے کارکن محمد عابد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ محمد عابد کے بہیمانہ قتل میں ملوث سفاک دہشت گرد وں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور ایم کیوایم کے کارکنان کے سیاسی ، قانونی اور بنیادی حقوق سلب کرنے ، انہیں دہشت گردی کا نشانہ بنانے اور سندھ حکومت کی جانب سے کارکنان کے قتل کے واقعات اور شہر میں امن و عامہ کی بدترین صورتحال پر آمرانہ رویہ فی الفور بند کرایاجائے۔انہوں نے محمد عابد شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ (آمین)۔دریں اثنا ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے اورنگی ٹائون میں مہاجر چوک پرمسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے اورنگی ٹائون کے کارکن محمد عابد ولد محمد شمیم کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنان اور شہر کے عوام کو مسلح دہشت گردوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے قانون شکن افسران اور اہلکاروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ صرف نئے سال کے پہلے مہینے میں مسلح دہشت گرد وں کی فائرنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں گرفتاریوں کے بعدشہید ہونے والے کارکنان کی تعداد 13ہوگئی ہے لیکن حکومت سندھ اور اس کے وزراء شہر میں بدامنی ، قتل و غارتگری ، بھتہ خوری ، جرائم پیشہ ر دہشت گردوں کی سرگرمیاں روکنے کے بجائے ان کا تحفظ کررہی ہے اور شہر میں سب ٹھیک ہے کا راگ الاپ رہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ محمد عابد کی مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت کا ایک اور واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ میں مارشل لاء کے نفاذ کا مطالبہ جائز ہے کیونکہ حکومت سندھ ، شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میںمکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اورامن و امان کی بد ترین صورتحال پر اپنی نااہلی اور ناکامی تسلیم کرنے کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کررہے ہیں جو ملک بھر کے محب وطن عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مطالبہ کیا کہ محمد عابد کی شہادت میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اورعوام کو حکومت سندھ کی بد ترین جمہوریت سے نجات دلائی جائے ۔

مزید خبریں :