پاکستان
22 جنوری ، 2015

بھارت آئندہ ماہ 20 ہزار پاکستانیوں کوطویل مدتی ویزے اور شہریت دے گا

کراچی.... رفیق مانگٹ...... بھارتی اخبار”ہندوستان ٹائمز“ کے مطابق بھارت میں قیام کرنے والے بیس ہزار پاکستانی سندھیوں کو بھارتی حکومت طویل مدتی ویزے یا شہریت دینے جارہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے سب سے بڑے شہر اندور میں 19سے20فروری کو اس سلسلے میںایک خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا جہاں مرکزی حکومت ان بیس ہزار پاکستانیوں میں ویزے یا شہریت تقسیم کر ے گی۔ اندور میں سندھیوں کی کثیر تعداد پاکستان سے مستقل طور پر بھارت منتقل ہو چکی ہے۔ اور وہ بھارتی حکومت سے طویل مدتی ویزے اور شہریت کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔تارکین وطن ہندو ہیلپ سنٹر (MHHC) اور بین الاقوامی ترقیاتی تنظیم (IDA) کے چیئرمین شنکر للوانی نے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں کہا کہ اس طرح کے کیمپ بھوپال میں بارہ اور تیرہ فروری، بناسکا نتھا اور گجرات میں 19 اور 20 فروری میں منعقد کیے جائیں گے۔موجودہ وقت میں سندھیوں کو باقاعدگی سے ویزے کی تجدید کرانی پڑتی ہے۔ اندور میں تمام پاکستانی سندھیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی دستاویزات تیار رکھیں اور ان کیمپوں سے فائدہ حاصل کریں۔ رپورٹ کے مطابق 12 دسمبر، 2014 کو بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں تما م ریاستی حکومتوں کے نمائندوں سے بھارت میں رہنے والے سندھیوں کو شہریت اور طویل مدتی ویزے جاری کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہریت اور طویل مدتی ویزوں کی تقسیم کے موقع پر ان کیمپوں میں وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکریٹری، ریاستی حکام اور سینئر اندور انتظامیہ موجود ہوں گے۔

مزید خبریں :