27 جنوری ، 2015
لاہور.......لیجنڈ افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کے افسانوں کو لاہور کے ایک اسٹیج پر معروف فنکاروں کی جانب سے داستان گوئی کے انداز میں پیش کیا گیا۔ منٹو کے قلم کے الفاظ فنکاروں کی زبان سے نکل کر دلوں میں اتر گئے۔ الحمرا کلچرل کمپلیکس میں پیش کیے جانے والے’’ ایبسولوٹ منٹو‘‘ میں سعادت حسن منٹو کے چند افسانوں کا انتخاب کیا گیا۔ فریال گوہر، ثانیہ سعید، سرمد کھوسٹ اور میرا ہاشمی کی جانب سے منٹو کے افسانوں کو خوبصورت انداز میں بیان کیا گیا،بھرپور کوشش کی گئی کہ منٹو کے الفاظ کی کاٹ ،مٹھاس ،طنز اور ترشی پوری رعنائی کے ساتھ پیش کی جائے۔اس موقع پر منٹو پر فلمائی گئی فلم کا ٹریلر بھی دکھایا گیا،جسے شائقین نے بھرپور داد بخشی۔ ہال کے باہر کلاسیکی موسیقی کے سروں نے سرد شام میں شائقین کے لطف کو مزیدگرمائش بخشی۔