27 جنوری ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے سی پی ایل سی کے چیئرمین احمد چنائے کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ احمد چنائے نے اپنے گھر پر رینجرز کے چھاپے کے حوالہ سے اپنا مؤقف یکسر تبدیل کردیا ہے۔ ایک بیان میں ترجمان نے احمد چنائے کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم ، آپ جیسے شرفاء پر ڈھائی جانے والی زیادتیوں اور ناانصافیوں پر کھل کرآوازاحتجاج بلند کریں لیکن آپ نے نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر ڈر اور خوف سے کام لیتے ہوئے ان تمام بیانات کو یکسر تبدیل کردیا جو آپ نے مختلف اخبارات کے نمائندوں کو ابتداء میں دیئے تھے، حتیٰ کہ آپ نے یہ تک کہا کہ آپ اپنی پریس کانفرنس میں اس سازش کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کریں گے ۔ترجمان نے کہاکہ ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ احمد چنائے نے اپنے مؤقف کو یکسر تبدیل کرکے اپنے آپ کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔ بہتر تھا کہ احمد چنائے پریس کانفرنس ہی نہ کرتے اور اگر کرتے تو اس میں حقائق بیان کرتے اور احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کااعلان بھی کرتے ۔ترجمان نے کہاکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے تمام صحافی گواہ ہیں کہ پریس کانفرنس میں ـصـحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے احمد چنائے کی زبان ان کے الفاظوں کا ساتھ نہیں دے رہی تھی، اگر ممتازشہریوںکی جانب سے اسی طرح زیادتیوں اورناانصافیوں کے باوجود ڈر اور خوف کا مظاہرہ کیاجاتا رہے اور مصلحت پسندی سے کام لیکر جھوٹ بولا جاتا رہے تو دنیا کو اصل حقائق سے کس طرح آگاہ کیاجاسکتا ہے ؟ اور امن وامان کے قیام کیلئے کتنی ہی CPLCs کیوں نہ بنالی جائیں ان کا بنانا قطعی اور قطعی بے سود ہوگا۔