27 جنوری ، 2015
لاہور..........لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں گھریلو تشدد کی شکار 11سالہ بچی کو بازیاب کرا لیا گیا۔ بچی کی کمرکو گرم توے سے داغا گیا۔ جسم کے دیگر حصوں پر بھی تشدد کے نشان ہیں۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بچی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ یہ ہے 11سالہ گھریلو ملازمہ انصر، سفاک مالک مکان کلیم نے ایک ہزار روپے چوری کا الزام لگا کر بچی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ چائلڈ پروٹیکیشن بیورو کی ٹیم شکایت ملتے ہی موقع پر پہنچی اور بچی کوبازیاب کرا لیا۔ بچی انصر نے بتایا کہ اس کے گھر والوں نے مالک مکان کلیم سے 26ہزار روپے ایڈوانس لے رکھا ہے۔ کلیم نے چوری کا الزام لگا کر اس کے منہ پر کپڑا باندھا اور تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ بچی انصر کے کزن قربان نے بتایا کہ مالک مکان بہت ظالم ہیں، انہوں نے اسے بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن صبا صادق کا کہنا ہے کہ بچوں پر ظلم کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔