30 اپریل ، 2012
لاہور… سوئی ناردرن گیس کمپنی نے عدم ادائیگی پر پیپکو کوگیس کی فراہمی منقطع کر دی ہے جس کے بعد بجلی کے شارٹ فال میں یک دم 2100میگاواٹ کا اضافہ ہو گیا ہے اور لوڈشیڈنگ بھی 35فی صد تک بڑھ گئی ہے۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ذرائع نے لاہورمیں جیو نیوز کو بتایا کہ 260ملین کیوبک فٹ اضافی گیس پاور ہاوٴسز کو بجلی پیدا کرنے کیلئے دی جا رہی تھی،لیکن پیپکو نے وعدے کے باوجود 22 ارب روپے کی ادائیگی نہیں کی،جس پرگیس کی فراہمی منقطع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب پیپکو ذرائع نے بتایا کہ گیس نہ ملنے سے پیپکو کا شارٹ فال6ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا ہے،یہ شارٹ فال گزشتہ روز39سومیگاواٹ تھا،اس طرح شارٹ فال میں یک دم 2100میگاواٹ کا اضافہ ہوا ہے،،شارٹ فال بڑھنے سے چھوٹے شہروں اوردیہات میں بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ20،20گھنٹے سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ لاہور اور گردونواح میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ13گھنٹے تک ہو گیا ہے۔