10 نومبر ، 2022
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی پاکستان سپر لیگ کی پریزینٹر ایرن ہالینڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں کارکردگی کو خوب سراہا۔
میچ کے دوران ایرن ٹوئٹر پر ٹوئٹس کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کرتی رہیں۔ اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ لینے پر سیلبریش کے حوالے سے لکھا 'میں کبھی شاہین کی سیلبریشن سے بور نہیں ہوتی'۔
ایرن ہالینڈ نے ایک اور ٹوئٹ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی 105 رنز کی شراکت داری پر کہا 'یہ بابر اور رضوان کی وہ اوپننگ پارٹنرشپ ہے جسے سب جانتے ہیں '۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'قسم سے، میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان کیلئے ہونے والا شور اپنے گھر تک سُن سکتی ہوں'۔
ایرن ہالینڈ کا کہنا تھا کہ 'سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان زندہ باد کے نعروں نے مجھے واپس لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچا دیا'۔
ایرن نے ٹوئٹر پر مزید لکھا کہ پاکستان کا ٹورنامنٹ میں یہ کم بیک کئی عرصے تک یاد رکھا جائے گا، میں نیوزی لینڈ کو محسوس کر سکتی ہوں جو پورے ٹورنامنٹ میں کافی مضبوط ٹیم رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔