Time 10 نومبر ، 2022
کھیل

'لوگ کہہ رہے ہیں عامر نے سرف کھا لیا'، وہاب کی ٹوئٹ پر عامر نے کیا جواب دیا؟

وہاب ریاض نے محمد عامر کی چاکلیٹ کھاتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی —فوٹو: ٹوئٹر
وہاب ریاض نے محمد عامر کی چاکلیٹ کھاتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی —فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان کے فاسٹ بولرز وہاب ریاض اور محمد عامر کی ٹوئٹر پر کی گئی مختصر گفتگو کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان کی سیمی فائنل میں فتح اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں کوالیفائی کرنے پر وہاب ریاض نے محمد عامر کی چاکلیٹ کھاتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی۔

ساتھ ہی وہاب نے عامر کو مینشن کرتے ہوئے لکھا 'لوگ کہہ رہے ہیں پاکستان کی جیت کے بعد عامر نے سرف کھالیا، میں ان سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ عامر خیریت سے ہیں'۔

وہاب ریاض نے شرارتی ایموجیز بناتے ہوئے مزید لکھا 'میں نے مداحوں کو بتادیا کہ عامر چاکلیٹ کھارہا تھا'۔

محمد عامر نے وہاب کی ٹوئٹ کے جواب میں قہقہے والے ایموجیز بنائے اور آل راؤنڈر عماد وسیم کو مینشن کرتے ہوئے لکھا 'وہ تو ٹھیک ہے پر استاد پھنس گیا ہے'۔

اسی ٹوئٹ کا تذکرہ عماد وسیم نے جیو نیوز کے پروگرام 'جشنِ کرکٹ' میں کیا اور کہا 'پروگرام سے قبل عامر سے میری اس حوالے سے گفتگو ہوئی، کچھ عرصے میں ایک خبر آنے والی ہے یہ ٹوئٹ اس سے منسوب تھی'۔

مزید خبریں :