Time 24 فروری ، 2022
کھیل

ایرن ہالینڈ کو تماشائی کا 'لاہوری لڑکی' کہنا پسند آگیا

ایرن سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں جب کہ مداحوں کو سب سے خاص بات ایرن کا پہناوا لگتا ہے/ فوٹو انسٹاگرام
ایرن سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں جب کہ مداحوں کو سب سے خاص بات ایرن کا پہناوا لگتا ہے/ فوٹو انسٹاگرام

آسٹریلوی میزبان اور پاکستان سپر لیگ 7 کی پریزینٹر ایرن ہالینڈ کے پاکستانی مداحوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ایرن کافی خوش اسلوبی سے ٹورنامنٹ میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں، اس کے علاوہ وہ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں جب  کہ مداحوں کو  سب سے خاص بات ایرن کا پہناوا لگتا ہے۔

ایرن ہالینڈ کو پی ایس ایل کے دوران مغربی طرز کے لباس سے زیادہ مشرقی کپڑوں یعنی شلوار قمیض یا کرتا پاجامہ میں دیکھا گیا  جو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بھی رہتا ہے۔

تاہم پہلے کوالیفائر میچ میں جب ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں تو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک تماشائی کا پوسٹر سب کی توجہ کا مرکز بن گیا جو کہ ایرن سے متعلق تھا۔

پوسٹر پر پنجابی زبان کے گانے کے بول درج تھے کہ ' ایسا لگتا ہے کہ ایرن ہالینڈ کا تعلق لاہور سے ہے'۔

انسٹاگرام پر ایک اور مداح نے اسی پوسٹر کی اسٹوری پوسٹ کی اور ایرن کو ٹیگ کردیا جس پر ایرن نے ردعمل دیا۔

انہوں نے اسٹوری ری پوسٹ کی اور محبت بھرے انداز میں مداحوں کے لیے لکھا کہ 'آپ لوگ بہت پیارے ہیں'۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ کی اہلیہ ایرن ہالینڈ انسٹاگرام پر بارہا اس بات کا اعتراف کر چکی ہیں کہ ان کے پاکستانی کپڑوں کا کریڈٹ اسپورٹس اینکر زینب عباس کو جاتا ہے کیونکہ وہ ہی ان کے لیے کپڑوں کا انتخاب کرتی ہیں۔

مزید خبریں :