کھیل
Time 13 نومبر ، 2022

'سوکر اُٹھتا ہوں تو 3 گیندوں پر 13 اور 3 رنز یاد آتے ہیں'، شاداب کا نواز سے متعلق انکشاف

ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں محمد نواز نے آخری اوور کروایا تھا جس کی آخری 3 گیندوں پر 13 رنز چاہیے تھے—فوٹو: اسکرین گریب
ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں محمد نواز نے آخری اوور کروایا تھا جس کی آخری 3 گیندوں پر 13 رنز چاہیے تھے—فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان نے ساتھی کرکٹر محمد نواز سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

برطانوی میڈیا پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین کو انٹرویو دیتے ہوئے شاداب خان نے پاکستان کے ڈرامائی انداز میں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے سمیت ساتھی کرکٹرز سے متعلق بات کی۔

شاداب نے بھارت اور زمبابوے سے میچ میں شکست کے  حوالے سے کہا کہ  'میرا ذاتی خیال ہے کہ دونوں جیتے ہوئے میچز ہم ہارے تھے اور اتفاق سے نواز کا دونوں ہی میچز کے آخری لمحات میں اہم کردار  رہا'۔

آل راؤنڈر نے کہا 'زمبابوے سے شکست کے بعد نواز میرے پاس آیا اور کہنے لگا میں ان دونوں میچز کو بھولنا چاہتا ہوں لیکن جب بھی سو کر اُٹھتا ہوں تو مجھے 3 گیندوں پر 13 رنز اور 3 گیندوں پر 3 رنز یاد آتے ہیں جس پر میں (نواز) کہتا ہوں یہ میں نے کیا کر دیا'۔

آج کے فائنل سے متعلق انٹرویو میں شاداب نے کہا 'ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کے لیے بہت پُرجوش ہیں، ہماری طاقت بولنگ اور انگلینڈ کی طاقت بیٹنگ ہے، فائنل بہترین ہوگا'۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ  'انگلینڈ سابق چیمپئن ہے اور اس کے پاس بہترین کھلاڑی بھی ہیں، دعاؤں نے کام کر دیا اس لیے اب ہمارا  وقت ہے'۔

'بھارت کے خلاف ہم نے میچ جیتنے کی کوشش کی تھی'

شاداب خان نے کہا کہ 'بھارت کے خلاف ہم نے میچ جیتنے کی کوشش کی تھی، بچپن سے ہم بھی یہی سوچتے تھے کہ ورلڈ کپ نہ جیتیں مگر ہم بھارت کو شکست دیں'۔

آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ 'بھارت کے خلاف میچ میں سب نے 100  فیصد کارکردگی دکھائی مگر ہم اچھا اختتام نہ کر سکے لیکن ہم جانتے تھے کہ ہم بھارتی ٹیم سے بہتر ہیں'۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں محمد نواز نے آخری اوور کروایا تھا جس کی آخری 3 گیندوں پر 13 رنز چاہیے تھے جو بھارت نے بنا لیے اور یوں پاکستان کو بھارت سے 4 وکٹوں سے شکست ہوئی۔

جب کہ زمبابوے کے خلاف میچ میں آخری 3 گیندوں پر 3 رنز چاہیے تھے اور کریز پر نواز کھڑے تھے ، نواز آؤٹ ہوگئے اور یوں پاکستان کو ایک رن سے شکست ہو گئی۔

مزید خبریں :