Time 14 نومبر ، 2022
کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں شکست: شاداب نے پاکستانی فینز سے معافی مانگ لی

ہم پر اعتماد کرنا نہ چھوڑیں کیونکہ آپ کا یقین ہی ہمیں مضبوط بناتا ہے: شاداب خان کی ٹوئٹ۔ فوٹو فائل
ہم پر اعتماد کرنا نہ چھوڑیں کیونکہ آپ کا یقین ہی ہمیں مضبوط بناتا ہے: شاداب خان کی ٹوئٹ۔ فوٹو فائل

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل نہ جیتنے پر پاکستانی فینز سے معافی مانگ لی۔

گزشتہ روز کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر دوسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ 139 رنز کے کم ہدف کے باوجود پاکستانی بولرز نے شاندار مقابلہ کیا اور انگلینڈ کو 19 اوور کے بعد فتح نصیب ہوئی۔

پاکستانی ٹیم کی شکست کے باوجود سابق ملکی و غیر ملکی کرکٹرز اور کرکٹ ماہرین کی جانب سے قومی ٹیم کے بولرز کی تعریف کی جا رہی ہے اور بھارت سے تعلق رکھنے والے سابق لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر نے تو یہاں تک کہا کہ اگر شاہین انجرڈ نہ ہوتے تو فائنل مزید دلچسپ ہونا تھا۔

میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، خوشدل شاہ اور حارث رؤف کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کیے گئے۔

اسی طرح کا ایک پیغام شاداب خان کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا۔

شاداب خان نے لکھا کہ تمام پاکستانی فینز کا شکریہ کہ وہ مسلسل ہمیں سپورٹ کرتے رہے، ہم نے اپنا پورا زور لگایا لیکن ٹرافی حاصل نہ کر سکے۔

قومی آل راؤنڈر کا کہنا تھا آپ لوگوں کو مایوس کرنے پر معذرت چاہتا ہوں لیکن ہم ایک ٹیم کی حیثیت سے خود کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے اور اس سے زیادہ مضبوط ہو کر واپس آئیں گے۔

شاداب خان کا کہنا تھا ہم پر اعتماد کرنا نہ چھوڑیں کیونکہ آپ کا یقین ہی ہمیں مضبوط بناتا ہے۔


مزید خبریں :