کھیل
22 اپریل ، 2017

کچہری میں ملازمت کرنے والا محمد عباس ٹیسٹ کرکٹر ن گیا

کچہری میں ملازمت کرنے والا محمد عباس ٹیسٹ کرکٹر ن گیا

لگن اور محنت انسان کو بڑی سے بڑی کامیابی سے ہمکنار کروا سکتی ہےاور اس بات کو اپنے عمل اور جذبے سے ثابت کیا ہے،پاکستان کے نئے ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عباس نے 10مارچ 1990ءکو سمبڑیال تحصیل کے گاؤں جیٹھی میں پیدا ہونے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد عباس کے لئے زندگی کی شروعات کٹھن اور مشکلات سے بھرپور تھیں ۔

بہن بھائیوں میں سب سے بڑا ہونا اور مالی مشکلات کا بوجھ باٹنے کے لئے جب عباس نے اپنے والد کا ساتھ دینا چاہا تو اسے آٹھ ماہ ویلڈر کی حیثیت سے ویلڈنگ کی دوکان پر بیٹھنا پڑا۔عباس نے کچھ بہتر ذریعہ معاش کی جدوجہد میں کچہری کا رخ کیاتو زندگی کی گاڑی دھکیلتے ہوئے،اسے پتہ ہی نہ چلا کہ رجسٹری کے کام نے اس کی زندگی سے دو سال ختم کر دئیےلیکن محمد عباس کو یہ سب وقتی طور پر کرنا تھا۔

اس کی منزل تو کہیں اور تھی یہی وجہ ہے کہ کرکٹ کا شوق اس دوران جو عباس نے گلی محلے میں ٹیپ بال کی شروعات کے ساتھ شروع کیا تھا،اسے ڈسڑکٹ انڈر 19تک لے آیا۔بس عباس کے لئے راہیں ہموار ہوتی چلی گئیں ،اسے سیالکوٹ ریجن کی نمائندگی کا موقع ملا۔

یہ وہی سیالکوٹ ہےجسے شاعر مشرق علامہ اقبال کے نام سے تو سب جانتے ہی ہیں البتہ کرکٹ میں سیالکوٹ نے پاکستان کرکٹ کو ایشین بریڈ مین ظہیر عباس ،اعجاز احمد ،زاہد فضل اور شعیب ملک کی شکل میں ٹیسٹ کرکڑ دئیے تو یہ کہنا بھی غلط نہ ہوگا2009ءمیں سیالکوٹ کے لئے کھیلتے ہوئے ،دائیں ہاتھ کے اس تیز بولر نے ایبٹ آباد کے خلاف فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا،لیکن قومی ٹیم میں محمد عباس کی آمد کا سبب بنی قائد اعظم ٹرافی ۔

دھماکہ خیز بولنگ کارکردگی،پی ٹی وی کے لئے سیزن میں 61وکٹ کی پرفارمنس پیش کر نے کے بعد عباس کو خان ریسرچ لیبارٹری نے اپنے اسکواڈ میں جگہ دی تو عباس کی بولنگ اور بھی نکھر گئی ۔

سیزن میں 71وکٹ کی کارکردگی پیش کر نے والے محمد عباس کو میڈیا میں بھرپور انداز میں سراہا گیاتو سلیکٹرز کو مجبور ہونا پڑا کہ اس باصلاحیت بولر کو اب کھلانا ہی پڑے گا،بات یہیں تک محدود نہ رہی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائداعظم ٹرافی گریڈ ٹو میچ میں فیصل آباد کے خلاف سیالکوٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے عباس نے جب ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو آوٹ کیا تو ان کا راستہ ویسٹ انڈیز جا نے کے لئے اور بھی ہموار ہوگیا۔

ٹیسٹ کپتان سے سلیکشن کمیٹی نے فاسٹ بولر پر بات کی تو مصباح جو خود عباس کی بولنگ پر اپنی وکٹ گنوا چکے تھے کیسے ممکن تھا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں وکٹوں کے انبار لگا نے والے اس بولر کی تعریف میں پیچھے رہ جاتے۔

پھر وہ لمحہ بھی آیا کہ محمد عباس کو سبائنا پارک کنگسٹن جمیکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کیپ تھما دی گئی۔عباس کا جوش دیدنی تھا،جذبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا،عباس کی خوشی اس وقت دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی ،جب اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی دوسری گیند پر بریتھ ویٹ کی وکٹ مل گئی۔

محمد عباس ،بولنگ میں اپنا آئیڈیل آسڑیلیا کے گلین میگراتھ اور محمد آصف کو مانتے ہیں ۔محمد عباس کے سفر کی ابھی شروعات ہے ،دیکھیں ویسٹ انڈیز کا دورہ ان کے کیرئیر کے لئے کتنا موثر ثابت ہوتا ہے۔

مزید خبریں :