پاکستان
28 مئی ، 2017

بجلی کا بریک ڈائون،وزیراعلیٰ نے خواجہ آصف کو خط لکھ دیا

بجلی کا بریک ڈائون،وزیراعلیٰ نے خواجہ آصف کو خط لکھ دیا

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سحری سے قبل کراچی اور اندرون سندھ بجلی کے بریک ڈاون پر وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کو خط لکھ دیا ہے۔

وزیر اعلی کا کہناہے جامشورو ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث سحری کے وقت آدھا کراچی اور دیگر 13 اضلاع اندھیرے میں ڈوب گئے ۔

وزیر اعلی سندھ نے خواجہ اصف کو لکھے گئے خط میں24 مئی کو بھیجی گئی ای میل کا حوالہ دیا ،جس میں ٹرانسمیشن نیٹ ورک ناقابل بھروسہ ہونے اور رمضان میں عوام کی پریشانی کی بھی نشاندہی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آج جامشورو ٹرانسمیشن لائن کی وجہ سے نہ صرف حیسکو اور سیپکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کو نقصان پہنچا بلکہ کے الیکٹرک کے سسٹم کو بھی نقصان ہوا۔

کراچی کو پانی فراہم کرنے والے گھارو،پپری ، سی او ڈی حب اور نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشنز پر بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ، جس سے کراچی کو 150 ایم جی پانی سپلائی نہیں ہوسکا۔

وزیر اعلی نے گرم موسم اور رمضان میں پریشانی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر پانی وبجلی سے این ٹی ڈی سی اور ڈی ائی ایس سی او ایس کو فوری اقدامات کی ہدایت کرنے کی اپیل کی ۔

مزید خبریں :