کھیل
23 جولائی ، 2017

ہال آف فیم چیمپئن شپ: اعصام الحق نے ایک اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا

ہال آف فیم چیمپئن شپ: اعصام الحق نے ایک اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے امریکی ساتھی راجیو رام نے ہال آف فیم اوپن چیمپئن شپ میں آسٹریلوی جوڑی کو شکست دے دی۔

نیوپورٹ میں ہونے والی ہال آف فیم اوپن چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اور امریکہ کے راجیو رام نے آسٹریلوی جوڑی ڈیو میٹ اور جون اسمتھ کو 4-6 ، 4-6 اور 7-10 سے شکست دے کر اعزاز اپنے نام کیا۔

ہال آف فیم چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد اعصام الحق نے رواں سال یہ پانچواں ٹائٹل حاصل کیا جب کہ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے پانچوں ٹائٹل الگ الگ ساتھیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنے نام کئے۔ 

پاکستانی ٹینس اسٹار ڈبل مقابلوں میں مجموعی طور پر 15 اے ٹی پی ٹائٹلز جیت چکے ہیں جب کہ امریکی ساتھی راجیو رام کے ساتھ انہوں نے یہ پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا۔   

ہال آف فیم چیمپئن شپ جیتنے کے بعد اعصام الحق کا کہنا تھا کہ انہیں راجیو رام کے ساتھ کھیلنے میں بہت خوشی ہوئی، امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں وہ ایک بار پھر ان کے ساتھ کھیلیں گے۔

پاکستانی ٹینس اسٹار نے کہا کہ وہ نیوپورٹ سے پیار کرتے ہیں کیوں کہ وہ اس گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے کئی اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں اور دوبارہ یہاں آکر کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔

مزید خبریں :